27 ستمبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 15 رنز سے ہرادیا، الیکس ہال اور اوئن مورگن کی نصف سنچریاں بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 164 رنز ہی بناسکی، انگلش ٹیم کو پہلے ہی اوور میں کیسویٹر اور لیوک رائٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، دونوں بغیر کوئی رن بنائے روی رامپال کی گیند پر پویلین لوٹے، الیکس ہال 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ ٹاپ اسکورر اوئن مورگن 36 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے، انہوں نے اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے لگائے تاہم اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال نے 2 ، کرس گیل اور مارلن سموئلز نے ایک ایک وکٹ لی۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 179 رنز بنائے۔ جونسن چارلس 84 اور کرس گیل 58 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ انگلش کپتان کرس براڈ نے 2، اسٹیفن فن، جیڈ ڈیرن باک اور گریم سوان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔