09 مارچ ، 2021
سندھ پولیس میں احتساب کےعمل کو یقینی بنانےکےلیےنئے یونٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، اس نئے یونٹ کا نام انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی یونٹ ہوگا جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی رینک کا سینئیر افسر کرےگا ۔
سینئر حکام نے جیونیوز کو بتایا کہ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی نامی یونٹ کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر کرےگا اورحال ہی میں ترقی پانےوالے فرحت جونیجو اس کے سربراہ ہوں گے۔
حکام کےمطابق نیا یونٹ اور ایڈیشنل آئی جی کی پوسٹ ایک پرانی پوسٹ کو ختم کرکے بنائی جارہی ہے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی پرانی پوسٹ کو ختم کرکے نئی پوسٹ بنائی جارہی ہے ، اس پوسٹ کو ختم کرنے کی منظوری حکومت سندھ سے لے لی گئی ہے اور جلد محکمہ داخلہ ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی اوراس یونٹ کا نوٹی فیکیشن جاری کردےگا۔
حکام کےمطابق یونٹ کے قیام کا مقصد پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات اور کرپشن کی روک تھام ہے، یونٹ میں سندھ پولیس کے تمام کمپلین سیلز کو شامل کیا جائےگا جب کہ اس سیل کے اختیارات بھی بڑھائے جائیں گے۔