پاکستان
13 فروری ، 2012

شمالی و بالائی علاقوں میں برفباری ، کئی رابطہ سڑکیں بند

اسلام آباد … شمالی و بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش کے بعد موسم خوشگوار تو کہیں برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں تو وہیں بعض علاقوں میں برف باری کے بعدانتہائی دلکش مناظردیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں،بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد چلنے والی یخ بستہ ہواوٴں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا ہے،اسکردو، استور ،غذراور گھانچھے کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں پہاڑوں پرجمی برف دلفریب منظر پیش کررہی ہے،مالاکنڈ کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری سے مالم جبہ، کالام، میادم اور لواری ٹاپ میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ایبٹ آباد، ہری پوراور حویلیاں اور گلیات کے مختلف علاقوں میں بھی موسم انتہائی سرد ہے۔کاغان، شوگران اور ناران میں برف باری جبکہ مانسہرہ، بٹ گرام، کوہستان، طورغر میں بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث آزادکشمیرسمیت متعدد بالائی علاقوں کی بیشترسڑکیں ٹریفک کیلیے بند ہیں۔

مزید خبریں :