21 مارچ ، 2021
پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے، منفی چیزوں اور باتوں کا نہیں سوچتے، ہمارا فوکس صرف کرکٹ پر ہوتا ہے، ہم مثبت سوچتے ہیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب کپتان قومی ٹیم شاداب خان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا میں سیریز بہت اچھی ہو گی، سیریز اس لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے کہ یہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ کا حصہ ہے، جنوبی افریقا کو ہوم سیریز میں ہرایا ہے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ اچھا جا رہا ہے، تمام کھلاڑی پراعتماد اور متحرک ہیں، دو ٹریننگ سیشن شاندار رہے ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ میری پرفارمنس میں تسلسل نہیں رہا اس کی وجہ یہ تھی کہ مجھے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا، مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں میری کارکردگی میں تسلسل ہو گا۔
ان کا کہنا تھا اب میں مکمل فٹ ہو چکا ہوں، بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر نظر آؤں گا، بیٹنگ میرا پلس پوائنٹ ہے، کوشش کروں گا کہ پہلے کی طرح بولنگ کروں، چیمپئنز ٹرافی میرے کیرئیر کا ہائی لائٹ ہے، اسی طرح بولنگ کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان بیٹنگ پر بہت کام کر رہے ہیں، مجھ سے جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری ٹیم میں بہت اچھا مقابلہ ہے، سب کا بیک اپ بنا ہوا ہے جس کا ٹیم کو فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا بیک اپ ہونا بہت ضروری ہے، مقابلہ ہونے سے دباؤ محسوس نہیں کرتا، جو پرفارم کرے گا وہی ٹیم میں رہے گا، کوشش یہی ہو گی کہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کروں۔
نائب کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ حسن علی ایک اچھا کرکٹر ہے، ان کو مس کر رہے ہیں، امید ہے وہ جلد مکمل صحت یاب ہو کر کیمپ جوائن کریں گے، ہمارا روٹی گروپ ہے اس میں اور بھی بہت لوگ ہیں لیکن حسن علی کو مس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرجیل خان بہت محنت کر رہے ہیں، وہ اپنی فٹنس کو بہتر کر رہے ہیں، شرجیل خان میچ ونر ہیں اور میچ ونرز کی ٹیم کو ضرورت ہوتی ہے۔