21 مارچ ، 2021
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کوکہیں گےکہ وہ 9 جماعتوں کے فیصلے پرغورکرے، پی ڈی ایم متحد ہے، ہمیں مل کرسفرکرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے جاتی عمرا لاہور میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش صورت حال پر مریم نواز سے تفصیلی بات چیت ہوئی، پی ڈی ایم متحد ہے، ہمیں مل کر سفرکرنا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے فیصلے کا انتظارکریں گے، پیپلزپارٹی کوکہیں گےکہ وہ 9 جماعتوں کے فیصلے پرغورکرے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازکی نیب طلبی کی جووجوہات بتائی گئی ہیں اس نے نیب کو بے نقاب کردیا ہے،کیا نیب اداروں کی خدمت اور ترجمانی کے لیے بنا ہے؟ مریم نوازکی پیشی کے موقع پرپی ڈی ایم کے کارکن اوررہ نما موجود ہوں گے۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متحد رہیں، عمران خان کا مستقبل اس کی اپنی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے،پی ڈی ایم کسی موقع پر حکومت کوپتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دے گی، اصولی فیصلہ ہوچکا ہے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ کسی کی ہارجیت کے بعد تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں، اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے،حمزہ اورمیرے اختلاف کی بے بنیاد خبریں چلائی گئیں، جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے،حمزہ اور میرےدرمیان اختلاف کی خبریں شرمناک ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جے یوآئی اورن لیگ اپنے طورپربڑے جلسے اوراحتجاج کرسکتی ہے، جلسوں اور احتجاج کے لیے کسی اورکی ضرورت نہیں۔