25 مارچ ، 2021
یورپی ملک یونان کی آزادی کے دو سو سال پورے ہونے پر ان کی قومی ائیرلائن کے پائلٹ نے جہاز سے شاندار فضائی کرتب کا مظاہرہ کرتے ہوئے فضا میں دو سو کا ہندسہ بنادیا۔
ائیر لائن نے اس مقصد کے لیے مارچ 2016 میں اپنی پہلی اڑان بھرنے والی ائیربس اے 320 کا انتخاب کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ریڈار کے ذریعے پہلے سے کھینچی ہوئی فضائی لائنوں پر بڑی مہارت سے پرواز کی۔
دو کے ہندسے پر واپس اڑان بھرنے کیلئے پائلٹ کو جہاز سے انتہائی کلوز یوٹرن لینا پڑا، اس پرواز کے لیے طیارے نے زیادہ سے زیادہ 20 ہزار فٹ کی بلندی پر دو سے تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے درمیان سفر کیا۔
ایجیئن ائیر لائنز کی خصوصی فلائٹ اے 31821 نے گریس کے ایتھنز ائیرپورٹ سے پرواز شروع کی،طیارے نے گریس کے جزیرہ نما علاقے تریپولی پر مسلسل پونے تین گھنٹے پرواز کی اور دو گھنٹے 46 منٹ کی اڑان کے بعد اس خصوصی فلائٹ نے واپس ایتھنز ائیرپورٹ پر ہی لینڈ کیا۔
راڈار میں دیکھا گیا ہے کہ اس ٹیکنیکل فلائٹ میں پائلٹ نے بڑی مہارت سے جہاز اڑاتے ہوئے بہت خوبصورت انداز میں 200 کا ہندسہ ڈرا کیا۔
یہ سنگ میل بہترین انداز میں عبور کرنے پر فلائٹ ریڈار 24 نے خصوصی نوٹیفیکیشن جاری کیا۔