13 فروری ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی آج سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد کی سکیورٹی الرٹ رہی اور ہائی سکیورٹی والے ریڈ زون کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ۔ آج سپریم کورٹ عمارت کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، بعض حکومتی شخصیات کو پاس نہ ہونے کی وجہ سے اندر نہ آنے دیا گیا، سپریم کورٹ عمارت کی سکیورٹی کیلئے اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ، صبح سے ہی عمارت کی مکمل تلاشی لی گئی جس میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی معاونت بھی حاصل کی گئی، ریڈزون داخلے کے راستوں پر گاڑیوں کی تلاشی لیکر انہیں جانے کی اجازت دی جاتی رہی، سکیورٹی کے اضافی انتظامات کی وجہ سے کئی مقامات پر گاڑیوں کا رش لگا رہا، وزیراعظم کی آمد سے کچھ وقت پہلے فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹر اڑتا رہا ، وزیراعظم کی سپریم کورٹ آمد کا وقت جیسے ہی قریب پہنچا اس وقت ریڈ زون میں ہرطرف سے داخل ہونے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا۔