01 اکتوبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا، میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ میں ٹائی ہوگیا ، سپر اوور میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلن سموئلز نے بولنگ کی، روس ٹیلر نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 18 رنز کا ہدف دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور مارلن سموئلز سپر اوور کھیلنے آئے، نیوزی لینڈ نے گیند ٹم ساوٴتھی کو دی تاہم کرس گیل نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگادیا، ویسٹ انڈیز کو 5 رنز درکار تھے کہ سپر اوور کی 5 ویں گیند پر مارلن سموئلز نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 139 رنز بنائے، کیوی کپتان روز ٹیلر 40 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے، برینڈن میک کولم 22 اور مارٹن گپٹل 21 رنز بنا کردیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ میچ کی آخری گیند پر نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 2 رنز درکار تھے کہ بریسویل دوسرا رن لیتے ہوئے رن آوٴٹ ہوگئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نارائن کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ روی رامپال، سموئل بدری اور ڈیرن سامے نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔