09 اپریل ، 2021
لمبے چھکوں کی بدولت شہرت رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان نے 10 روز میں اپنا وزن 5 کلو کم کر لیا۔
لیگز کرکٹ سے شہرت پانے والے اعظم خان کی فٹنس پر ان دنوں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں کام کیا جا رہا ہے، اعظم خان کو زیادہ وزن، فٹنس مسائل اور فیلڈنگ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن ان کے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا ہر کوئی معترف ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان کا کہنا ہے کہ فٹنس میں بہتری لانے کے لیے مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، محنت کروں گا تو فٹنس بہتر ہو گی اور اچھا پرفارم کرپاؤں گا، کم محنت کرکے زیادہ کی توقع نہیں کی جا سکتی اس لیے جتنی محنت کروں گا اتنا اچھا پرفارم کروں گا، مجھے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کر کے قومی ٹیم میں جگہ بنانی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بہت محنت کررہا ہوں اور پہلے سے زیادہ فٹ اور بہتر محسوس کر رہا ہوں، مجھے لیجنڈز کی نگرانی میں ٹریننگ کا موقع مل رہا ہے اور اس کا بہت فائدہ ہو رہا ہے، میری فٹنس پر کام ہو رہا ہے اور ڈائٹ پلان تیار کیا گیا ہے، میرا 10 روز میں 5 کلو وزن کم ہوا ہے لیکن ابھی مجھے مزید فٹنس پر کام کرنا ہے اور اسے پاکستان ٹیم کے معیار کے مطابق لے کر آنا ہے۔