اینکر کے ہندی بولنے پر اےآر رحمان نے اسٹیج کیوں چھوڑا؟

فوٹو فائل

آسکر انعام یافتہ کمپوزر اے آر رحمان نے گزشتہ ماہ ان کی پہلی پروڈکشن 99 سونگ کی رونمائی کی تقریب کے دوران اسٹیج چھوڑنے کی وضاحت کردی۔

گزشتہ ماہ 99 سونگ کی چنئی میں منعقدہ رونمائی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جہاں خاتون اینکر نے اے آر رحمان کا استقبال تامل میں کرنے کے بعد ایہان بھٹ کو مخاطب کرتے ہوئے ہندی میں ان کا استقبال کیا تھا۔

خاتون کے ہندی بولنے پر اے آر رحمان نے حیرانی کا اظہار کیا اور مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہندی‘ کہا؟ جس کے بعد انہوں نے یہ کہتے ہوئے اسٹیج چھوڑ دیا کہ ’کیا میں نے آپ سے پوچھا تھا کہ آپ تامل میں بات کریں گی یا نہیں؟‘

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران اے آر رحمان نے اس واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مذاق تھا جس کا مقصد ہے کہ اسے سنجیدہ نہ لیا جائے۔

اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ ہم تین زبانیں متعارف کروارہے ہیں اور ہندی پہلے ہی متعارف کرائی جاچکی ہے اب ہم تامل ناڈو متعارف کروانے جارہے ہیں لہٰذا اس حوالے سے اسٹیج کے لیے کچھ پروٹوکول موجود تھے۔

بھارتی کمپوزر کے مطابق ہم چونکہ تامل ناظرین سے بات کررہے تھے اس لیے میں نے اینکر سے کہا تھا کہ پروٹوکول فولو کرتے ہوئے تامل میں بات کی جائے۔

خیال رہے کہ اے آر رحمان کی پہلی پروڈکشن 99 سونگ کو وشویش کرشنم مورتی نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ اسٹارز میں نئے آنے والے ایہان بھٹ اور ایڈلسی ورگارز شامل ہیں۔ 

مزید خبریں :