کھیل
Time 11 اپریل ، 2021

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا پی ایس ایل میں کووڈ 19 پروٹوکولز کی خامیوں پر مایوسی کا اظہار

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل میں کووڈ 19 پروٹوکولز کے حوالے سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور مناسب اقدامات کرنے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کو گزشتہ روز ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پی ایس ایل 2021 کے بائیو سکیور  پروٹوکولز  اور ضمنی قوانین کے جائزے کے لیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ہدایت پر تشکیل کردہ دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔

بورڈ آف گورنر نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ میں سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس میں بہتری کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

بی او جی نے مربوط اور سخت پروٹوکولز کے نفاذ سمیت فیکٹ فائنڈنگ پینل کی جانب سے پیش کردہ تمام تجاویز کی تائید کی ہے جس میں شرکاء کی صحت اور حفاظت کے پیش نظرمقررہ کووڈ 19 ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا بھی شامل ہے۔

بورڈ آف گورنر کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز کا انعقاد ایک محفوظ ماحول میں کرنا چاہتا ہے اور  اس عمل کو  یقینی بنانے کے لیے اس نے ایک حکمت عملی اپنا رکھی ہے جس کے تحت پی سی بی عالمی سطح پر  پہچان رکھنے والی ایک ایسی کمپنی کی تقرری کے آخری مراحل میں ہے کہ جو کووڈ 19سے پاک بائیو سکیور ماحول کی تیاری اور  اس کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ رزلٹ مثبت آنے پر رسپانس کی ماہر ہے۔

مزید خبریں :