پاکستان
Time 22 اپریل ، 2021

ڈسٹرکٹ اسپتال گوجرانوالا میں کورونا مریضوں کی اموات میں تشویشناک حد تک اضافہ

فوٹو: سوشل میڈیا

گوجرانوالا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی اموات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

  محکمہ صحت کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو کر ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیر علاج رہنے والے237 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

 اسپتال ذرائع کے مطابق ڈویژن کے دوسرے اضلاع کی نسبت گوجرانوالا میں اموات کی تعداد بڑھنے کی ایک وجہ یہاں کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں علاج معالجہ کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونا بھی ہے۔

 کورونا وائرس کی تیسری لہر کے آغاز میں ہی گوجرانوالا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھی تو اسپتال انتظامیہ نے پنجاب حکومت کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے خط بھی لکھا تھا۔

 خط میں ہنگامی بنیاد پر وینٹی لیٹرز اور ہائی فلو آکسیجن بیڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے درخواست کی گئی اور ساتھ ہی کورونا وارڈز کے لیے ادویات اور حفاظتی سامان کی خریداری کے لیے7 کروڑ روپےکے اضافی فنڈز بھی فوری فراہم کرنےکا مطالبہ کیا گیا۔

 پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہ ملنے پر اسپتال انتظامیہ نے تین مزید خط لکھے اور کورونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور اسپتال میں بڑھنے والے دباؤ اور سہولیات کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی لیکن ابھی تک پنجاب حکومت کی طرف سے اسپتال میں وینٹی لیٹرز اور ہائی فلو آکسیجن بیڈز فراہم کیےگئے ہیں اور نہ ہی ادویات اور حفاظتی سامان کیلیے مانگے گئے فنڈز دیے گئے ہیں۔

 اسپتال انتظامیہ کی طرف سے پنجاب حکومت کو لکھے جانے والے خطوط از خود اس بات کا اعتراف ہے کہ اسپتال میں مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز اور ہائی فلو آکسیجن بیڈز ضرورت کے مطابق موجود نہیں تھے اور فنڈز کی بھی کمی تھی۔

 بار بار یاد دہانیوں کے باوجود سامان اور فنڈز نہ ملنے پر اسپتال انتظامیہ نے مایوس ہو کر شہر کے مخیر حضرات کے دروازے کھٹکھٹائے اور اسپتال میں نہ صرف ہائی فلو آکسیجن بیڈز کی تعداد بڑھائی گئی بلکہ کورونا کے زیر علاج مریضوں کو لگائے جانے والے تین قسم کے انجکشن بھی انھی لوگوں کی مدد سے خریدے گئے ہیں۔

 گوجرانوالا کے شہریوں نے اس غفلت اور لاپرواہی پر احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

 یاد رہے کہ ضلع گوجرانوالا کی آبادی تقریباً 55 لاکھ ہے اور اتنی بڑی آبادی کے لیے یہاں ایک ہی ڈی ایچ کیو اسپتال ہے۔

 730 بیڈز پر مشتمل گوجرانوالا کے اکلوتے اسپتال میں پہلے سے مریضوں کا دباؤ ہے اور سہولیات کا بھی فقدان ہے۔

 گوجرانوالہ میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو یہاں اب تک 7ہزار 288 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 237 مریض ڈی ایچ کیو اسپتال میں دم توڑگئے۔

 اموات کی یہ تعداد گوجرانوالا ڈویژن کے دوسرے اضلاع سے کافی زیادہ ہے، سیالکوٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ اب تک 6ہزار 184 مریض رپورٹ ہوئے جب کہ یہاں ہلاکتوں کی تعداد 147 ہے۔

 اسی طرح ضلع گجرات میں کورونا وائرس کے 6 ہزار9 مریض سامنے آئے جن میں سے 107 افراد ہلاک ہوئے، نارووال میں 519 رجسٹرڈ کیس سامنے آئے جہاں  ہلاکتوں کی تعداد 20 ہے، منڈی بہاؤالدین میں کورونا سے 1487 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 12 مریض دم توڑ گئے۔ حافظ آباد میں 1487 کیس سامنے آئے، یہاں پر ہلاکتوں کی تعداد 15 ہے۔

ڈی ایچ کیو اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران اسپتال لائے جانے والے مریضوں میں سے زیادہ ترکو آکسیجن کی ضرورت تھی، اسپتال میں اس وقت 64 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزید خبریں :