13 فروری ، 2012
کراچی… تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم 5ارب بچانے کیلئے توہین عدالت کر رہے ہیں، ان کے پاس وزیراعظم رہنے کااخلاقی جوازختم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے پر سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں اور جوبھی وزیراعظم ہوگا اس پر لازم ہوگا کہ سوئس حکام کو خط لکھے۔ کراچی میں مسلم لیگ ن کراچی کے رہنما حفیظ الدین کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کواستعفیٰ دیدیناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بینکس میں5ارب بچانے کیلیے وزیراعظم توہین عدالت کررہے ہیں،تمام قیدیوں کی چوری سوئس بینک میں زرداری کے پیسوں سے کم ہوگی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کسی جماعت سے اتحاد نہیں ہورہا۔ تحریک انصاف اکیلے ہی عام انتخابات کی تیاری کررہی ہے۔اس موقع پر رہنما تحریک انصاف جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل کا نام میں نے تجویز کیا تھا اور دفاع پاکستان کے پلیٹ فارم پر جاکر اپنی پارٹی کا موٴقف پیش کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔