کوئٹہ میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے لاک ڈاؤن کے احکامات ہوا میں اڑادیے

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے لاک ڈاؤن کے احکامات ہوا میں اڑادیے۔

کورونا وائرس کے بڑ ھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 8 سے 16 مئی تک کاروباری سرگرمیوں اور ٹرانسپو رٹ کی نقل و حمل پر پا بندی عائد کی تھی۔

اس فیصلے پر آج سے عمل درآمد ہونا تھا مگر تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔

شہر میں دکانوں اور تجارتی مراکز پر معمول کے مطابق کاروبار جاری رہا۔ دکانیں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز میں تل دھرنے کی جگہ بھی نہیں رہی۔

لیاقت بازار، جناح روڈ، طوغی روڈ، عبدالستار روڈ، کاسی روڈ، سرکی روڈ سمیت اہم کاروباری مراکز اور دکانیں کھلی رہیں۔

اس دوران بہت کم افراد ماسک لگائے نظر آئے جبکہ سماجی فاصلوں کا نام ونشان تک دکھائی نہیں دیا۔ اس حوالے سے تاجروں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر دکانیں مکمل بند کرنے سے وہ مزید قرض دار ہوجائیں گے۔

دوسری جانب انٹراسٹی ٹرانسپورٹ اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چلتی رہی۔

اُدھر چوبیس گھنٹے کے دوران بلوچستان میں مثبت کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور شرح 13 فیصد تک جا پہنچی۔

مزید خبریں :