عیدالفطر: دعوت پر دسترخوان کی رونق بڑھائیں شاہی چکن سے

فوٹو فائل

عید پر دعوتیں ہونا بالکل عام بات ہے، خاندان والوں کو  اپنے گھر مدعو کر کے عید کی رونقوں میں اضافہ کیا جاتا ہے اور خواتین اس حوالے سے کافی پرجوش بھی ہوتی ہیں، ان کا بس نہیں چل رہا ہوتا کہ دسترخوان انواع و اقسام کے کھانوں سے بھر دیا جائے۔

کچھ خواتین کو دعوت میں نئی ڈش پیش کرنے کی بھی ٹینشن ہوتی ہے کہ مہمانوں کے لیے روایتی کھانوں سے ہٹ کر کچھ مختلف شامل کیا جائے۔

بریانی، قورمہ، پلاو کا زمانہ اب پرانہ ہوچکا ہے، بے شک بریانی اب بھی بہت شوق سے کھائی جاتی ہے لیکن متعدد افراد کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ مینو میں کچھ اضافی ڈش یا کچھ نیا ضرور موجود ہو۔

اسی حوالے سے آج آپ کے لیے انتہائی مزے دار ڈش لے کر آئے ہیں جسے ہم نے خاص طور پر شاہی چکن کا نام دیا ہے اور یہ ڈش دہلی والوں کی مخصوص ترکیب کی ڈش ہے۔

تو آئیے دیکھتے ہیں شاہی چکن بنانے کے لیے کون سے اجزاء درکار ہیں۔

اجزاء:

مرغی کا گوشت: 1 کلو (ہڈی والا، بغیر ہڈی والا آپ کی پسند کے مطابق)

زیرہ: 1 کھانے کا چمچ

کھوپرے کا چورا: 2 کھانے کے چمچ

خشخاش: 2 کھانے کے چمچ

نمک: 1 سے ڈیڑھ کھانے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ

پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ

کٹی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ

لیموں: 5 عدد

ہری مرچیں: 5 عدد

بادام: 10 عدد

ترکیب:

خشخاش، کھوپرا، بادام اور زیرہ ایک جگہ کر کے اچھی طرح پیسیں اور الگ رکھ دیں پھر اس میں نمک، پسی لال مرچ اور کٹی ہوئی لال مرچ مکس کرلیں۔

ساتھ ہی تین لیموں کا رس نچوڑیں اور اس کا پیسٹ بنا لیں۔ تھوڑا سا پیسٹ ہری مرچوں میں بھر لیں اور باقی کٹ لگے ہوئے مرغی کے گوشت پر لگائیں اور اس طرح میرینیٹ کریں کہ مصالحہ اندر تک رچ بس جائے، اسے ساری رات کے لیے فریج میں رکھ دیں، اگر زیادہ وقت نہیں ہے تو پھر پانچ سے چھ گھنٹے کے لیے بھی میرینیٹ کر کے رکھ سکتے ہیں۔

ایک پین میں اتنا کوکنگ آئل ڈالیں جتنا آپ کھانا پکانے کے لیے استعمال کرتی ہیں، تیل ہلکا گرم ہونے پر مرغی کے گوشت کا ایک ایک پیس فرائی کریں اور الگ پتیلی میں رکھ کر ڈھکن لازمی ڈھکیں۔

گوشت فرائی کرنے کے بعد مصالحہ بھری ہری مرچیں فرائی کریں اور چکن پر ڈال دیں، پین میں بچا ہوا کوکنگ آئل گوشت کے اوپر ڈال لیں اور ڈھک دیں ہلکی آنچ پر10 سے 15 منٹ پکائیں اور لیجئے شاہی چکن تیار ہے۔

اب شاہی چکن سے نا صرف مہمانوں کی تواضع کریں بلکہ خود بھی مزے مزے سے کھائیں

مزید خبریں :