دنیا
Time 13 مئی ، 2021

غزہ پر عید کے روز بھی اسرائیلی فوج کے حملے جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 87 ہوگئی

اسرائیل کی جانب سے عید الفطر کے پہلے روز بھی غزہ پر حملے جاری ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بدھ اور جمعرت کی درمیانی رات اور علی الصبح بھی فلسطینی علاقوں پر بمباری کی۔

غزہ گورنریٹ میں شامل خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے میزائل حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا جبکہ حملوں میں غزہ کی 6 منزلہ عمارت کو بھی تباہ کردیا گیا۔

پیر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہداء کی تعداد 87 ہوگئی۔ وزارت صحت غزہ کے مطابق شہداء میں 17 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 500 ہوگئی جن میں سے 26 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب فلسطینی حکام کو گزشتہ رات کے اسرائیلی حملوں میں زہریلی گیس کے استعمال کا شبہ ہے جبکہ حکام کے مطابق حملوں میں متعدد فلسطینیوں کی شہادت زہریلی گیس سے ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اُدھر حماس کی اسرائیلی علاقوں میں راکٹ شیلنگ سے ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

فلسطین اسرائیل کشیدگی پر امریکی ائیرلائنز کے بعد برطانوی اور جرمن ائیرلائنز نے بھی اسرائیل کے تل ابیب ائیرپورٹ کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کردیں۔

مزید خبریں :