13 فروری ، 2012
ابوظہبی …انگلینڈ نے یہاں ابو ظہبی میں پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 130رنز سے ہرا دیا۔گرین شرٹس صرف 130پر ڈھیر ہوگئے۔پاکستانی بیٹنگ لائن کو تباہی سے دوچار کرنے میں اہم کردار نوجوان پیسر اسٹیون فن اور سومیت پٹیل نے انجا م دیا۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے جب انگلش ہدف 260کا تعاقب شروع کیا تو صرف گیارہ پر اسکے ابتدائی دو بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، تاہم کچھ دیر یونس خان اور عمران فرحت نے مزاحمت کی ناکام کوشش کی لیکن یہ سلسلہ زیادہ جاری نہ رہ سکا اور مصباح الیون کی وکٹیں پت جھڑ کی طرح گرتی رہیں،اور وقفے وقفے سے بیٹسمین آؤٹ ہوتے رہے۔صرف شاہد آفریدی28اور عمر اکمل 22کے علاوہ کوئی بیٹسمین انگلش حملوں کی تاب نہ لاسکا اور چھ پاکستانی بلے باز ڈبل فیگر تک حاصل کرنے میں ناکام رہے۔اور گرین شرٹس الیون 35اوورز میں 130پر ڈھیر ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے پیسر اسٹیون فن نے 4،سومیت پٹیل 3،سوان 2اور براڈ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔میچ میں بہترین بیٹنگ کرنے اور سنچری بنانے پر انگلش کپتان الیسٹر کک کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اسی میدان پر بدھ کو کھیلا جائے گا۔