کھیل
07 اکتوبر ، 2012

ویسٹ انڈیز، سری لنکا کو شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا

ویسٹ انڈیز، سری لنکا کو شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا

کولمبو … ویسٹ انڈیز سری لنکا کو شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا، میزبان ٹیم 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 101 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، سنیل نارائن نے 3 اور ڈیرن سامے نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ کولمبو کے پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں کالی آندھی کہلائی جانیوالی ویسٹ انڈیز ٹیم نے سری لنکا کو آوٴٹ کلاس کرتے ہوئے 36 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میزبان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 6 کے مجموعی اسکور پر تلکا رتنے دلشان بغیر کوئی رن بنائے روی رامپال کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کپتان جے وردنے اور وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے ٹیم کو 42 رنز کی شراکت فراہم کی تاہم سنگاکارا 22 رنز پر سموئل بدری کی گیند پر کیرن پولارڈ کو کیچ تھما بیٹھے، جے وردنے بھی 33 رنز بنا کر نارائن کا شکار بن گئے اس کے بعد کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا، انجیلو میتھیوز 1 ، جیون مینڈس اور تھسارا پریرا 3، 3 اور تھریمانے 4 رنز بنا کر ویسٹ انڈین بولرز کے سامنے اپنی وکٹیں گنوا گئے ۔ نوان کولا سیکارا نے کچھ مزاحمت کی، تاہم ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے والے کولا سیکارا ٹیم کی ناوٴ پار لگانے میں ناکام رہے اجتنا مینڈس1 رن بنا کر واپس پویلین لوٹے تو ویسٹ انڈین جیت کے درمیان صرف ایک کھلاڑی حائل تھا، ، لستھ مالنگا 5 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر براوو کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو پوری کیریبین ٹیم نے اپنی فتح کا بھرپور جشن ناچتے ہوئے منایا۔ ویسٹ انڈین بولر سنیل نارائن نے 3 ، کپتان ڈیرن سامے 2، سموئل بدری، روی رامپال اور مارلن سموئلز نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔ آل راوٴنڈ پرفارمنس پر مارلن سموئلز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آغازاچھا نہیں تھا، اختتام یاد گار رہا، ٹائٹل جیتنے کی خوشی ناقابل بیان ہے۔ سنیل نارائن کا کہنا ہے کہ ٹائٹل جیتنا ٹیم ورک کانتیجہ ہے، ہرمیچ کیلئے مختلف پلان تیار کیا۔

مزید خبریں :