19 جون ، 2021
ٹریفک پولیس اہلکاروں کے سڑکوں پر موجود ہونے کے باوجود کراچی میں حادثات میں کمی آنے کی بجائے ان میں حیرت انگیز حد تک اضافہ ہورہا ہے۔
کراچی میں سال 2021 شہریوں کے لیے جان لیوا ثابت ہورہاہے، اس سال کے پہلے چھ ماہ پر نظر ڈالیں تو ٹریفک حادثات کی لمبی فہرست دکھائی دیتی ہے۔ حادثات میں جنوری سے جون تک 212 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اب تک مختلف حادثات میں 145 افراد زخمی بھی ہوئے۔
2020 کے ابتدائی چھ ماہ میں یہ تعداد 131 تھی جبکہ 80 افراد زخمی ہوئےتھے۔
ڈسڑکٹ کے لحاظ سے بات کی جائے تو اس سال سڑک حادثات میں ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 40 افراد جان سے گئے اور 15 افراد زخمی ہوئے، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 27 افراد حادثات کی نذر ہوئے اور 24 زخمی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ سٹی میں 2 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے، ایسٹ میں یہ تعداد 34 رہی اور 21 افراد زخمی ہوئے، ویسٹ میں 76 افراد جان سے گئے اور 44 زخمی ہوکر اسپتال جا پہنچے۔
کورنگی میں 14 افراد ہلاک ہوئے اور 12 زخمی ہوئے، ملیر میں 19 افراد جان سے گئے اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔
ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ دو پہیوں کی سواری موٹر سائیکل بھی ہے ، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ذرا سی احتیاط کریں تو وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ذرا سی لا پرواہی سے 2021 کے چھ ماہ میں موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے 140 افرادجان سے گئے اور 66 زخمی ہوئے۔
2020 میں اس عرصہ میں یہ تعداد 80 رہی جبکہ 51 افراد زخمی ہوئے۔ رواں سال اب تک ہیوی گاڑیوں سے 48اورچھوٹی گاڑیوں سے 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس قانون پر عمل کرانے کے لیے اپنی ڈیوٹی ٹھیک سےاداکرے تو حادثات میں کمی ہوسکتی ہے