دنیا
Time 26 جون ، 2021

برطانوی وزیر صحت کی اپنی معاون کو بوسہ لینے کی ویڈیو وائرل، استعفے کا مطالبہ

میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈاینجلو کی ویڈیو اور تصاویر برطانوی خبر رساں ادارے نے شائع کی تھی جس کے بعد سے وزیر صحت تنقید کی زر میں ہیں— فوٹو: فائل
میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈاینجلو کی ویڈیو اور تصاویر برطانوی خبر رساں ادارے نے شائع کی تھی جس کے بعد سے وزیر صحت تنقید کی زد میں ہیں— فوٹو: فائل

برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک اور ان کی معاون گینا کولاڈ اینجلو کی ایک دوسرے کو بوسہ لینے ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئیں جس کے بعد وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی اخبار نے میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈ اینجلو کی ویڈیو اور تصاویر شائع کیں جو ممکنہ طورپر 6 مئی کو سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کی گئی ہیں۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے میٹ ہینکاک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورونا وبا کے دوران سماجی دوری کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

دوسری جانب میٹ ہینکاک نے اپنے عمل پر معذرت کرلی ہے  اور وزیراعظم بورس جانسن بھی اس معاملے کو اب ختم سمجھ رہے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن نے میٹ ہینکاک کی معذرت قبول کرلی ہے اور انہیں وزیر صحت پر مکمل بھروسہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ ویڈیو محکمہ صحت کی عمارت کے اندر ہی کی ہے۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کا مؤقف ہے  کہ کورونا ایس او پیز حکومت نے طے کی ہیں اور وزیر صحت کی جانب سے اس کی خلاف ورزی شرمناک فعل ہے۔

خیال رہے کہ گینا کولاڈ اینجیلو اور میٹ ہینکاک آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ ریڈیو اسٹیشن میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، انہیں گزشتہ ستمبر کو وزیر صحت کا معاون مقرر کیا گیا تھا۔

میٹ ہینکاک اور گینا کولاڈ اینجلیو دونوں ہی شادی شدہ ہیں اور دونوں کے 3،3 بچے ہیں۔

مزید خبریں :