27 جون ، 2021
عید الاضحیٰ سے تین ہفتے قبل ہی مسالے اور سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے،لاہور میں چند روز پہلے تک 20 روپے کلو ملنے والا ٹماٹر 45 روپے تک پہنچ گیا۔
لاہور میں ہنڈیا میں استعمال ہونے والے سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو پَر لگ گئے ہیں،عام مارکیٹ کی تو بات ہی کیا، سستےسہولت بازاروں میں بھی یہ اشیاء شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں جہاں ادرک 390 ،لہسن 180اورلیموں 100 روپے فی کلو میں بک رہاہے۔
چند دن پہلے 20 روپے کلو ملنے والے ٹماٹر کی قیمت 45 روپےکلو ہوگئی، پیاز 36،سبز مرچ 80 اور کھیرا 50 روپےکلو میں دستیاب ہے۔
صارفین نے خدشہ ظاہر کیاکہ عیدتک یہ قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی جائیں گی۔
دوسری جانب مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کےنمائندےکہتے ہیں کہ عید قرباں کی وجہ سے قیمتیں بڑھنےکا رجحان ہے ،پوری کوشش ہےکہ عوام کو سستی اشیاء مل سکیں۔
شہریوں کا کہناہےکہ وہ توپہلے ہی مہنگائی کے مارےہوئے ہیں، حکومت کوئی نظام ترتیب دے،کیونکہ خوشیوں کے تہوار مہنگائی کی وجہ سےان کے لیے ڈراؤنے خواب بنتے جا رہے ہیں۔