پاکستان

کراچی میں داعش کا سب سے بڑا نیٹ ورک ختم کرنے کا دعویٰ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے منگھو پیر میں قائم کالعدم تنظیم داعش کا سب سے بڑا نیٹ ورک ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رائٹ ٹو انفارمیشن لاء کے تحت جیو نیوز کو حاصل سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کارروائیوں کا مرکز منگھو پیر اور کراچی کے ضلع ملیر کے گرد و نواح کا علاقہ رہا تاہم سندھ پولیس یہ بتانے کو تیار نہیں کہ داعش کا نیٹ ورک مکمل طور پر ختم کر دیا گیا یا اب بھی اس کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق منگھو پیر سے کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر سندھ کے کچھ علاقوں اور ان سے ملحقہ بلوچستان میں کارروائیوں کو کنٹرول کر رہے تھے۔

حاصل کردہ معلومات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ دو سالوں میں داعش، القاعدہ، ٹی ایل پی، ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی سمیت مختلف گروپوں کے خلاف کارروائی کی جس میں داعش کے 53 آپریٹرز کو گرفتار جبکہ 65 کو ہلاک کیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں کے آپریٹرز کی سرگرمیوں کے خلاف بھی 193 مقدمات درج کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بازار، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر اور کراچی کے دیگر علاقوں میں مختلف تنظیموں کے عسکریت پسندوں کے خلاف دہشت گردی کے 150 سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔

مزید خبریں :