09 جولائی ، 2021
کینسر میں مبتلا ہاکی اولمپئن نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت نے اٹھا لی۔
اولمپکس اور دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اولمپئن نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے بعد ان کی فیملی نے علاج کی اپیل کی تھی۔
سندھ حکومت کے ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شوکت خانم اسپتال کو خط لکھ دیا ہے اور ان کے علاج کے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔
دوسری جانب حکومت سندھ کا خط کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو موصول ہوگیا ہے جنہوں نے ان کی فیملی سے رابطہ کرکے انہیں لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں نوید عالم کو داخل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
نوید عالم 1994کے ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے رکن بھی رہے ہیں جبکہ اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔