پاکستان
Time 14 جولائی ، 2021

بیوروکریسی سے متعلق وزیرخزانہ کے بیان کی نیب نے تردیدکردی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کے'نیب کی وجہ سے بیورو کریسی کام نہیں کررہی' سے متعلق بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ بیوروکریسی اگر آئین کے مطابق کام کرتی ہے تو اسے نیب سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق نیب کے اس وقت1273 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ،ان ریفرنسز کی مالیت تقریباً 1300ار ب روپے ہے، ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا مقصود ہے،بیوروکریسی کسی بھی ملک کیلیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،نیب بیوروکریسی کااحترام کرتاہے، ان کی خدمات کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے۔

نیب کا کہنا ہےکہ چئیرمین نیب جاویداقبال بیوروکریسی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، نیب دنیاکاواحدادارہ ہے جس کےساتھ چین نےانسداد بدعنوانی کیلیے ایم او یو  پر دستخط کیے،بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑہے،بیوروکریسی اگرآئین کےمطابق کام کرتی ہے تو اسےنیب سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نیب کے قانون میں ترمیم لارہے ہیں، بیوروکریسی نیب کی وجہ سے بالکل کام نہیں کررہی ہے، وہ خوفزدہ ہے۔

مزید خبریں :