کھیل
Time 27 جولائی ، 2021

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو آڑے ہاتھوں لےلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو  آڑے ہاتھ لیتے ہوئےکہا ہے کہ اگر اس نے بروقت اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہوتیں تو آج ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان میڈل ٹیبل پر موجود ہوتا۔

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی تعداد اور اب تک کی کارکردگی پر ردعمل پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ڈویلپمنٹ ، وسائل اور  کھلاڑیوں کی فنڈنگ سمیت تمام معاملات کی ذمہ داری پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ذمہ داری ہے جب کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا کوئی عہدیدار حکومت سے تنخواہ نہیں لے رہا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نےکہا ہےکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اولمپکس سے قبل 44 کروڑ روپے بغیر خرچ کیے حکومت کو واپس کردیے، اگر یہ ایتھلیٹس پر خرچ کیے ہوتے تو آج طلحہ طالب اور گلفام جوزف پاکستان کو پوڈیم پر لاسکتے تھے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ اگرکھلاڑیوں کو بروقت وسائل فراہم کیے جاتے تو انعام بٹ، سعدی عباس اور محمد بلال جیسے کھلاڑی بھی آج اولمپکس میں شریک ہوتے۔

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ اس نے آئی او سی کی اولمپک اسکالر شپ سے مختلف ایتھلیٹس پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 42 ہزار ڈالرز خرچ کیے ان میں سے 5 ایتھلیٹس ٹوکیو اولمپکس میں شریک ہیں ۔

جیو نیوز کو اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 2018 سے 2021 کے درمیان 9 ایتھلیٹس کو اولمپک اسکالرشپ پروگرام کیلئے منتخب کیا گیا تھا، ان ایتھلیٹس میں سعدی عباس، نصیر احمد، مناہل سہیل، خلیل اختر، گلفام جوزف، عثمان چند، غلام مصطفی بشیر، طلحہ طالب اور بسمہ خان شامل تھیں، ایتھلیٹس پر 6 ہزار ڈالرسے 30 ہزار ڈالرز کی رقم خرچ کی گئی۔

پی او اے کا کہنا ہے کہ طلحہ طالب کی کارکردگی اولمپک اسکالرشپ سے ہونے والی ٹریننگ کا نتیجہ ہے۔

 پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے مزیدکہا کہ دستے کے سفر اورکوویڈ کے اخراجات پی او اے نے برداشت کیے حالانکہ یہ پی ایس بی کی ذمہ داری تھی، ڈوپ ٹیسٹ کیلئے بھی بروقت رقم پی ایس بی نے ادا نہیں کی۔

مزید خبریں :