01 اگست ، 2021
لاہور کے سرکاری جناح اسپتال کی ایمرجنسی وارڈ کی حالت ابتر ہوگئی۔
اسپتال کا ایمرجنسی وارڈ بیمار مریضوں میں کورونا وائرس سمیت مزید بیماریاں پھیلانے کا مرکز بن گیا جبکہ وارڈ میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی سے مریض اور ان کے لواحقین ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
جیو نیوز کو حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وارڈ میں پڑے پرانے بیڈ، پھٹے ہوئے میٹرس انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں جبکہ کئی بیڈز کے میٹرس تک غائب ہیں اوربیڈز کے قریب آکسیجن کا بھی کوئی انتظام ہی نہیں۔
مریضوں کے ارد گرد گندگی کے ڈھیر اور اسپتال کے فضلے سے بھری بالٹیاں انتظامیہ کا منہ چڑا رہی ہیں۔
ایمرجنسی وارڈ کے ائیرکنڈیشنر بند پڑے ہیں اور وہیل چیئرز کو بھی تالے لگے ہیں۔
کھلی جگہ پر پڑے بستر پر مرد عملہ خواتین مریضوں کی ای سی جی کر رہا ہے۔
اس حوالے سے ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر یحییٰ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کا دباؤ بہت زیادہ ہے، ایمرجنسی وارڈ کے مسائل کو جلد حل کرلیں گے۔