پاکستان
Time 03 ستمبر ، 2021

کورونا کا پھیلاؤ، اسلام آباد سمیت پنجاب اورکے پی کے24 اضلاع میں نئی پابندیوں کا نفاذ

کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا(کے پی) کے 24 اضلاع میں کل سے 12 ستمبر تک نئی پابندیاں عائد کردی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان کو وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں نیشنل کمانڈ ایند آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بریفنگ دی۔

این سی او سی نے بتایا کہ کورونا سے زیادہ متاثر علاقوں میں کل سے 12 ستمبر تک مزید پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق  وبا کے زیادہ پھیلاؤ والے شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمدورفت ، ان ڈور، آؤٹ ڈورتمام تقریبات اور انڈور جِم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور300 افراد تک مشروط کردی گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں سرگودھا ، خوشاب، میانوالی ، رحیم  یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد ، بھکر ،گجرات ،گوجرانوالا ، ملتان ، بہاولپور ، لاہور  ، راولپنڈی ، سیالکوٹ  اور شیخوپورہ میں حفاظتی پابندیوں کا نفاذ کیا گیا ہے، پنجاب بھرکے سرکاری اور نجی اسکول 6 روز کے لیے بند کردیےگئے ہیں ۔

 خیبر پختونخوا میں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات،ایبٹ آباد اور پشاور میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

کے پی کے8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنےکا فیصلہ

صوبائی وزیرتعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا کے8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بھی 6 سے 11ستمبرتک بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پشاور،صوابی، سوات،مالاکنڈ، ہری پور، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں اسکول بند رہیں گے جب کہ کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں اسکول کھلے رہیں گے۔

اسلام آباد  میں بھی نئی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں 12 ستمبر تک اسکول اور اندورن شہر ٹرانسپورٹ بند کرنےکا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں ایک ہزار 368 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا حکام کے مطابق صوبے میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، گزشتہ ماہ صوبے کے 21 اضلاع میں 312 مریضوں سے نمونے لیے گئے تھے جن میں 236 افراد میں کورونا ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید خبریں :