04 ستمبر ، 2021
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان نےکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ رکھنے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا۔
ہدایت نامے کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پرکورونا ویکسینیشن یکم اکتوبر سے لازمی قرار دے دی گئی ہے جس کے بعد یکم اکتوبر سے بغیر کورونا ویکسینیشن کے فضائی سفر پر پابندی ہوگی۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا جبکہ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق معالج کا میڈکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں کیلئے سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کی شرط برقرار رہے گی جبکہ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے پاکستان کے ائیرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ ہوں گے۔
سی اے اے نے تمام ائیرلائنز کو نئی ہدایات پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔
ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق این سی او سی کی ہدایت جاری
علاوہ ازیں انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق ہدایت جاری کی ہے۔
این سی او سی کے مطابق جن شہریوں کی دوسری ڈوز کا وقت ہوچکا ہے وہ میسیج کا انتظار کیے بغیر دوسری خوراک لگواسکتے ہیں۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ دوسری ڈوز کسی بھی ویکسین سینٹر سے لگوائی جاسکتی ہے جبکہ اتوار کا دن خصوصی طور پر دوسری ڈوز کیلئے مقرر ہے۔