16 اکتوبر ، 2012
کراچی …سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق 3 درجن سے زائد درخواستوں کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو طلب کرتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیر عالم اور جسٹس محمد فاروق شاہ پر مشتمل بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق 3 درجن سے زائد درخواستوں کی سماعت کی۔اس موقع پر مختلف کیسز سے متعلق پولیس نے پروگریس رپورٹ پیش کی۔دوران سماعت سندھ پولیس اور رینجرز کے درمیان باہمی تعاون سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔پولیس حکام اور رینجرز کی جانب سے عدالت کو بتایاگیا کہ باہمی تعاون کے طریقہ کارکے کچھ امور طے کر لئے جبکہ بعض نکات پر بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ سماعت پر مکمل طریقہ کار سے عدالت کو آگاہ کردیا جائیگا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو طلب کرتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔