08 اکتوبر ، 2021
لاہور شہر کے 8000 کیمروں میں سے 2800 کیمرے دوسال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سیف سٹی لاہور اب محفوظ نہیں رہا، 8 ہزار میں سے 2 ہزار 800 کیمرے پچھلے دو سال سے خراب پڑے ہیں اور صرف 36 سڑکوں پر نصب کیمرے فعال ہیں۔
کیمروں کی تنصیب کیلئے غیرملکی کمپنی سے کیا گیا معاہدہ دوسال سے التوا کا شکار ہے۔
اس حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹیز ڈی آئی جی کامران خان کا کہنا ہے کہ کابینہ منظوری دے چکی ہے،جلد غیرملکی کمپنی سے دوبارہ معاہدہ ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 400 نئے کیمرےنصب کیے جا رہے ہیں تاہم جہاں کیمرے نہیں، وہاں پولیس کی گاڑیوں پر لگے کیمروں سے مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ نجی کمپنیوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیمروں کو بھی سیف سٹی سسٹم کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں۔
چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق شہرکے مزید 11 داخلی اور خارجی راستوں پر کیمرے لگائے جا رہے ہیں جن سے گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں کمی آئے گی۔