09 اکتوبر ، 2021
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میچ کو نارمل لیں گے، اگر اس میچ کو اپنے اوپر حاوی کیا تو یہ اچھا نہیں ہو گا۔
محمد رضوان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ خواہ کوئی بھی ہو اس کا پریشر ہوتا ہے، بھارت کے خلاف میچ کو نارمل لیں گے بالکل اسی طرح میچ کھیلیں گے جیسے ہم دوسری ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا اگر بھارت کے خلاف اگر بھارت کے میچ کو اپنے اوپر حاوی کریں گے تو اچھا نہیں ہو گا، ہم نے نارمل کھیلنا ہے، پاک بھارت میچ کے چرچے سوشل میڈیا یا میڈیا پر ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ کرکٹ جب سے شروع کی ہے غیر یقینی کی صورت حال رہتی ہے، کووڈ کی وجہ سے بھی غیر یقینی کی صورت حال بڑھی ہے اس لیے غیر یقینی کی صورت حال کا فرق نہیں پڑتا، ایسا نہیں ہے کہ آخری وقت میں ٹیم کا فیصلہ ہونے کا اثر پڑے گا، ہم سب میچز کھیل رہے تھے، ہم اب تو ایک ساتھ اکٹھے ہوئے ہیں، ایک ساتھ وقت گزار رہے ہیں، کل سے تیاریوں کا آغاز بھی ہو جائے گا اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ اس سے فرق نہیں پڑے گا۔
وکٹ کیپر بیٹر نےکہا کہ میچ چاہے کلب کا ہو ہدف تو ہوتا ہے، یہ تو پاکستان کے میچز ہیں اور مقصد یہی ہے کہ اچھے سے اچھا کروں، سرفراز بھائی اور اعظم خان میرے لیے ایک جیسے ہیں، ایک سینئر اور دوسرا جونیئر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر وقت قربانی کے لیے تیار ہوں، مجھے کہیں بھی کھلائیں میں تیار ہوں، یہ میں کئی بار کہہ چکا ہوں مجھے کوئی بھی رول دیں میں پاکستان ٹیم کے لیے کرنے کو تیار ہوں۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ میچز میں پچ کی کنڈیشنز کا بھی عمل دخل ہوتا ہے، پاکستان ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کے دوران یو اے ای کے ایڈوانٹیج کو نہیں مانتا اور نہ میں ہوم گراؤنڈ کو مانتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یو اے ای میں مشکل کنڈیشنز میں کھیلنا پڑتا رہا ہے لیکن ہم نے صرف وہاں نہیں دنیا بھر میں اچھا کھیلا ہوا، بس اتنا ضرور ہے کہ ورلڈکپ ایشیا میں ہو رہا ہے، ہمیں تگڑا کھیلنا پڑے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، اب دنیا کے سب کھلاڑیوں کو یو اے ای میں کھیلنے کا تجربہ ہو چکا ہے اس لیے ہمیں ہر میچ میں اچھا کھیلنا ہے۔