کراچی : آن لائن بائیک سروس کے رائیڈرکے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں سچل تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران آن لائن بائیک سروس کمپنی کے رائیڈرکو  قتل کرنےکی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار کرلیا ۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین کے مطابق 26 ستمبرکی رات تھانہ سچل کی حدود میں ڈکیتی کی واردات میں ملزمان نے موبائل فون چھیننےکے دوران آن لائن بائیک سروس کے رائیڈر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ 

واردات کا مقدمہ الزام نمبر 1623/2021 بجرم دفعہ 302/397/34 ت پ درج کیا گیا۔ 

 ایس ایس پی کے مطابق سچل تھانے کے انویسٹی گیشن کے عملے نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تین ملزمان عمر فاروق، محمد کامران اور محمد یوسف کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے دو پستول اور ضلع کورنگی سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

 ملزمان کی نشاندہی پر متوفی بائیک رائیڈر سے چھینا گیا موبائل بھی برآمد کرلیا گیا۔

 پولیس کے مطابق ملزمان نے کراچی کے ضلع شرقی، ملیر اور کورنگی کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونےکا انکشاف کیا ہے۔

مزید خبریں :