آن لائن بائیک سروس رائیڈر کے قتل کا مرکزی کردار ٹک ٹاکر نکلا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے سچل میں آن لائن بائیک سروس کمپنی کے رائیڈرکے قتل میں ایک ٹک ٹاکر کے بطور مرکزی ملزم اور سہولت کار ہونےکا انکشاف ہوا ہے۔ 

پولیس کے مطابق 26 ستمبرکی رات تھانہ سچل کی حدود میں ڈکیتی کی واردات میں ملزمان نے موبائل فون چھیننےکے دوران آن لائن بائیک سروس کے رائیڈر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

 رائیڈرکو قتل کرنےکی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو انویسٹی گیشن پولیس نےگرفتارکیا تھا جن سے پولیس تفتیش کررہی ہے، پولیس کے مطابق ملزمان کامران، عمرفاروق اور یوسف اس قتل کے مقدمے میں ریمانڈ پر ہیں۔

 سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق اس واردات میں گرفتار ملزم کامران نے انکشاف کیا کہ انہیں ڈکیتی کی وارداتوں کےلیے اسلحہ، موٹر سائیکل اور پلاننگ ایک ٹک ٹاکر یاور یونس دیتا تھا۔

پولیس تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ مقتول رائیڈر عمران پر گولی ملزم کامران نے چلائی تھی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ ڈکیتیوں میں سے ایک حصہ یاور یونس کو دیتے تھے۔

 سچل کے علاقے میں ہونے والی ڈکیتی میں 3 موٹرسائیکلوں پر 5 ملزمان تھے، مقتول عمران اکیلا موٹرسائیکل پر موجود تھا۔ 

ملزم کامران نے بیان دیا ہے کہ عمران نے موبائل نکالنے میں تاخیر کی تو وہ اسے سر پر پستول کا بٹ مار رہا تھا کہ گولی چل گئی۔ 

پولیس کے مطابق ملزمان سکندرگوٹھ اور اطراف کے رہائشی ہیں، ملزمان سے مقتول عمران کا چھینا گیا فون، کورنگی سے چھینی ہوئی موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

 پولیس کے مطابق یاور یونس سمیت 3 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :