25 اکتوبر ، 2021
وزیر اعظم عمران خان کے پاک بھارت میچ دیکھنے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی تنقید الٹی پڑگئی۔
وزیراعظم کی جانب سےگذشتہ روز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت مقابلہ دیکھنےکی تصویر شیئرکی گئی تھی جس میں وہ سعودی عرب میں کابینہ اراکین کے ہمراہ میچ دیکھ رہے تھے۔
مریم نواز نے عمران خان کی میچ دیکھتے تصویر ری ٹوئٹ کرکےکہا تھا کہ 'خلقِ خدا بھوک، مہنگائی اور نا اہلی سے مر رہی ہے ، انہیں دیکھو ! بے ضمیری اور بے حسی کا اگر چہرہ ہوتا تو ایسا ہوتا !'۔
مریم نواز کی تنقید ان پر ہی الٹی پڑگئی اور سوشل میڈیا پر الٹا مریم کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل میں کہا کہ'حسب روایت شکست خوردہ کی جانب سے بے وقوفانہ ٹوئٹ، یہ وقت جشن منانے اور بے وقوفوں کو نظر انداز کرنےکا ہے۔
مریم نواز کی ٹوئٹ پر عوام کی بڑی تعداد نے بھی ان پر تنقید کی اور ٹوئٹ کو نامناسب قرار دیا۔