Time 28 اکتوبر ، 2021
پاکستان

سادھوکی میں شہید ہونے والے اے ایس آئی اور کانسٹیبل آبائی علاقوں میں سپرد خاک

سادھوکی میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج میں گزشتہ روز شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد اکبر اور کانسٹیبل غلام رسول کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

سادھوکی میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد اکبر کی نماز جنازہ کمیٹی باغ چونیاں میں ادا کی گئی۔

پولیس کے دستے نے شہید کی میت کو سلامی بھی پیش کی جس کے بعد اے ایس آئی محمد اکبر کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

مریدکے اسپتال میں زیر علاج زخمی سپاہی غلام رسول بھی دم توڑ گیا، شہید کی نماز جنازہ پولیس لائنز قصور میں ادا کی گئی۔

پولیس کے دستے نے شہید کو سلامی دی اور سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا۔

دونوں شہدا کے نماز جنازہ میں پولیس افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

غلام رسول کے بھائیوں کا کہنا تھا کہ فخر ہے کہ اُن کا بھائی ملک کی حفاظت کے دوران شہید ہوا۔

ڈی پی او قصور عمران کشور کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار فرض شناس تھے، قصور پولیس کو شہدا پر ناز ہے، شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر شہید کی فیملی ہماری اپنی فیملی ہے۔

مزید خبریں :