Time 10 نومبر ، 2021
پاکستان

پورٹ قاسم سے اربوں روپےکی نشہ آور دوا کی ہانگ کانگ اسمگلنگ کا انکشاف

 
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی کیٹامائن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دو ارب 65 کروڑ سے زائد ہے،فوٹو: جیو نیوز
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی کیٹامائن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دو ارب 65 کروڑ سے زائد ہے،فوٹو: جیو نیوز

پورٹ قاسم سے اربوں روپے مالیت کی کیٹامائن کی ہانگ کانگ اسمگلنگ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

کراچی سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی آڑ میں ڈھائی ارب روپے سے زائد مالیت کی کیٹامائن کنٹینر میں ہانگ کانگ اسمگل کرنے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 ایک حساس وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کے مطابق یارن کی آڑ میں کنٹینر میں اسمگل کی گئی 220 کلوگرام کیٹامائن ہانگ کانگ میں پکڑی گئی تھی، تحقیقاتی ادارے کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 220 کلوگرام کیٹا مائن کی مقدار چین کی 10 سالہ تاریخ میں نہیں پکڑی گئی۔

 حکام کے مطابق یارن کا کنٹینر پورٹ قاسم سے انصاری ٹیکسٹائل کی جانب سے ہانگ کانگ بھجوایا گیا تھا۔

 کسٹمز حکام کے مطابق کنٹینر میں 7500 کلوگرام یارن ظاہر کرکے اسے پورٹ قاسم کراچی سے کلیئر کرایا گیا۔

 حکام کے مطابق برآمد ہونے والی کیٹامائن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دو ارب 65 کروڑ سے زائد ہے۔

 تحقیقاتی حکام کے مطابق چینی حکام کے سخت ردعمل کے بعد کراچی میں کسٹمز نے باقاعدہ مقدمہ درج کیا جس میں انصاری ٹیکسٹائل اور ایس ایم انٹرپرائزز کو ملزم ظاہر کیا گیا ہے۔

 کسٹم حکام نے اسمگلنگ کے اس مقدمے پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے، کسٹمز حکام کی جانب سے اس مقدمے میں ملزمان کی گرفتاری یا قانونی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلات دینے سے بھی انکار کردیا گیا ہے۔

 انصاری ٹیکسٹائل کے مالکان کے مطابق اس کارروائی میں ان کا ایجنٹ ملوث ہے جب کہ ایس ایم انٹرپرائزز کے ذمہ داروں سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا۔ 

خیال رہے کہ کیٹامائن کو کوکین نامی منشیات بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے، وفاقی تحقیقاتی خفیہ ادارے نے اس سلسلے میں کافی تفصیلات جمع کرلی ہیں اور تفصیلی رپورٹ وفاق کو پیش کی جائےگی۔

مزید خبریں :