پاکستان
Time 15 نومبر ، 2021

کراچی: گاڑی پر فائرنگ، حال ہی میں پسند کی شادی کرنے والا شخص ہلاک، خاتون زخمی

کراچی میں شارع فیصل پر نرسری کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس پی) جمشید ٹاؤن فاروق بجرانی کے مطابق  نرسری کے قریب موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کار میں خاتون کے علاوہ 3 افراد سوار تھے، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 3  افراد زخمی ہوئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے وسیم نامی شخص جاں بحق ہوا ہے اور زخمی ہونے والوں کی شناخت  کوثر ، منیر اور نصیر کے ناموں سے ہوئی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ افراد عدالت سے واپس آرہے تھے۔

 ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے، وسیم جتیال اور کوثر بروہی نے حال ہی میں پسندکی شادی تھی،  ان کے ہمراہ رینٹ اے کار کا ڈرائیور اور وسیم کا دوست تھا،  یہ تمام افراد سٹی کورٹ سے واپس آرہے تھے۔

 ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق فائرنگ کوثر بروہی کے والد، بھائی اور دیگر افراد نےکی، فائرنگ سے وسیم ہلاک ہوگیا اور کوثر کی حالت نازک ہے جب کہ زخمی ہونے والے دیگر دو افراد کی حالت بہتر ہے۔

پولیس کی نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں :