18 نومبر ، 2021
کراچی میں قتل ہونے والی 15 سال کی لڑکی کا کیس پولیس کے لیے معمہ بن گیا۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 11 میں گزشہ روز 15 سالہ لڑکی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتولہ کے والدکی مدعیت میں تھانہ شارع فیصل میں درج کیا گیا۔
لڑکی کے قتل کے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقتولہ کے والد اور مدعی زین العابدین کے مطابق میں یونین آفس میں موجود تھا کہ 5 بج کر 30 منٹ پر بیوی نے فون کر کے جلدی گھر بلایا، 5 بج کر 35 پر گھر پہنچا تو دروازے کے پاس بیٹی کی لاش موجود تھی۔
لڑکی کے والد کے مطابق بیوی نے بتایا کہ کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا تو بیٹی دروازے پرگئی اور دروازہ کھولتے ہی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کو پیشانی پر گولی ماری گئی ہے، ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں، لڑکی کو کس نے اور کیوں قتل کیا ؟ کیس پولیس کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔