15 فروری ، 2012
ابوظہبی…پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 251رنز کا ہدف دیا ہے۔اس سے قبل شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلش کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انگلش ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر اپنے مقررہ 50اوورز میں 250رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،جو کہ اس وکٹ کے لحاظ سے بظاہر کافی مناسب مجموعہ لگ رہا ہے۔انگلش قائد الیسٹر کک آج پھر سنچری داغنے میں کامیاب رہے اور انھوں نے 102رنز کی شاندار باری تراشی۔جبکہ روی بھوپڑا58رنز بنائے،انکے علاوہ انگلش بیٹنگ انجن کیون پیٹرسن آج کے میچ میں بھی کوئی بڑا اسکور نہ کرسکے اور 26تک محدود رہے، ٹروٹ 23اور مورگن 25(ناٹ آؤٹ) کے ساتھ دیگر قابل ذکر بیٹسمین تھے۔پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ نے دو جبکہ شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔