16 فروری ، 2012
ابوظہبی. . . . . . پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ نے گرین شرٹس کو 20رنز سے ہرا کر چار میچوں کی سیریز میں2-0 کی واضح برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان کی پوری ٹیم 49اوورز میں 230رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 250رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو جیت کے لیے 251کا ہدف ملا تھا تاہم انگلینڈ کی اچھی بولنگ اور بہترین فیلڈنگ کے سامنے گرین شرٹس زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور پاکستان کی وکٹیں یکے بعد دیگر گرتی رہیں،اور پوری مصباح الیون 230رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے اوپنر عمران فرحت 47اور کپتان مصباح الحق 47کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین زیادہ اچھی بیٹنگ پرفارمنس نہ دکھا سکا۔نوجوان بیٹسمین اظہر علی 31اور محمد حفیظ نے 26رنز بنائے۔جبکہ شاہد آفریدی نے 18گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔انگلینڈ کی کامیابی میں اسٹیون فن نے ایک بار پھر کلیدی کردار ادا کیا اور چار وکٹیں اپنے نام کیں۔انکے علاوہ اینڈریسن اور پٹیل نے دو دو جبکہ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اب دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ ہفتے کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔