Time 13 دسمبر ، 2021
پاکستان

کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی زخمی

گولی لگنے پر مرتضٰی راہوں کو فوری طور پر قریب ہی واقع دارالصحت اسپتال منتقل کیا گیا— فوٹو: جیو نیوز
گولی لگنے پر مرتضٰی راہوں کو فوری طور پر قریب ہی واقع دارالصحت اسپتال منتقل کیا گیا— فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی)  غلام مرتضٰی راہو  زخمی ہوگئے۔

سپریٹنڈنٹ پولیس گلشن اقبال ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق واقعہ شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب پیش آیا۔

 پولیس کے سیکورٹی زون 2 میں تعینات ڈی ایس پی غلام مرتضٰی راہو گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب روفی گرین سٹی اپارٹمنٹس کے رہائشی ہیں۔

ڈی ایس پی سادہ کپڑوں میں اہل خانہ کے ہمراہ گھر سے نکلے ہی تھے کہ پرفیوم چوک پر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے انہیں مبینہ طور پر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر  فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق غلام مرتضٰی راہوں کو فوری طور پر قریب ہی واقع دارالصحت اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق غلام مرتضٰی راہو کو ٹانگ میں گولی لگی ہے اور  ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ڈی ایس پی سندھ کی سیاسی شخصیت اسماعیل راہو کے بہنوئی ہیں۔ انہین رواں سال 6 جنوری کو انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

مزید خبریں :