پاکستان
Time 27 دسمبر ، 2021

'والدہ زندہ ہوتیں تو پہلی بار نانی بنتیں'، بختاور کی بے نظیر کیلئے جذباتی پوسٹ

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے والدہ کے لیے شیئر کی گئی خصوصی پوسٹ پر بختاور نے ردعمل دیا— فوٹو: انسٹاگرام/بختاور بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے والدہ کے لیے شیئر کی گئی خصوصی پوسٹ پر بختاور نے ردعمل دیا— فوٹو: انسٹاگرام/بختاور بھٹو

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 14 ویں برسی پر اُن کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے جذباتی پوسٹ شیئر کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے والدہ کے لیے شیئر کی گئی خصوصی پوسٹ پر بختاور نے ردعمل دیا اور لکھا کہ میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی اب پہلے سے کہیں زیادہ یاد آتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ جب میں نے کالج میں یا گریجویشن کے دوران اپنے گریڈز حاصل کیے اور جب میں اپنی شادی کی پلاننگ کررہی تھی یا جب میری شادی کی تقریبات ہورہی تھیں، ماں بننے کے دنوں میں اور اب اپنے نومولود کے ساتھ اپنی والدہ کی بہت زیادہ یاد آئی۔

بختاور نے لکھا کہ میری والدہ اس دنیا میں ہوتیں تو اس سال پہلی بار نانی بنتیں۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

2007 میں جلا وطنی کے بعد جب بے نظیر بھٹو کراچی واپس آئیں تو ان کے قافلے پر شارع فیصل پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق  ہوئے تاہم محترمہ بے نظیر بھٹو اس حملے میں محفوظ رہی تھیں لیکن 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں انہیں شہید کردیا گیا۔

مزید خبریں :