30 دسمبر ، 2021
کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد سے ملحقہ پراپرٹیز کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں طارق روڈ کے پارک سے مدینہ مسجد اور دیگر تجاوزات ختم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مسجد سے ملحقہ کلب، مدرسہ، دکانوں کے مالکان یا کرایہ داروں اور رہائشی افراد کو 24 گھنٹے میں انخلا کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد کی ہدایت پر ایچ ایس او فیروزآباد نے متعلقین کو عدالتی حکم پر 24 گھنٹے میں پراپرٹی خالی کرنے کے نوٹس موصول کرائے۔
پولیس کا کہناہےکہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے یہ نوٹس متعلقہ عمارت پر بھی چپساں کیے گئے ہیں۔
جیو نیوز کو موصول نوٹس کی کاپی پر 29 دسمبر کی تاریخ درج کی گئی ہے جس کے تحت تمام قابضین جمعرات کی شام تک پراپرٹی خالی کرنے کے پابند تھے۔
پولیس کے مطابق جگہ خالی ہوتے ہی اس کے انہدام کی کارروائی فوری طور پر شروع کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ طارق روڈ پر پارک میں قائم مدینہ مسجد اور دیگر تجاوزات ختم کرکے پارک کو بحال کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔