Time 02 جنوری ، 2022
پاکستان

طارق روڈ پر پارک کی زمین پر قائم 10 دکانیں مسمار

کراچی کےعلاقے طارق روڈ کے پارک پر بنی 75 فیصد تجاوزات ختم ہوچکی ہیں۔

کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر پی ای سی ایچ سوسائٹی میں طارق روڈ پر پارک کی بحالی کے لیے رات بھر جاری رہنے والا آپریشن 75 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق پارک کی بحالی کے لیے آپریشن نصف شب کو شروع کیا گیا تھا جو صبح تک جاری رہا اور اب کام بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پارک کی اراضی پر قائم دینی مدرسے کی تعمیرات 95 فیصد تک منہدم کر دی گئی ہیں اور 600 گز سے زائد اراضی واگزار ہو چکی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پارک پر دلکُشا کلب اور متصل 10 دکانیں مکمل طور پر گرا دی گئی ہیں جبکہ ایک گھر کا مکمل انہدام باقی ہے۔

قمر رضا جسکانی کے مطابق انہدام کے لیے مخصوص مشینری نہ ہونے کی وجہ سے کام مکمل نہیں ہو سکا، تجاوزات گرانے کا کام اتوار کی صبح تک جاری رہا تاہم اب بند کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر خوشنود جاوید کی نگرانی میں سکیورٹی اور انہدام کی کارروائی جاری رہی—فوٹو: جیو نیوز
ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر خوشنود جاوید کی نگرانی میں سکیورٹی اور انہدام کی کارروائی جاری رہی—فوٹو: جیو نیوز 

خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں آپریشن رات بھر جاری رہا، اس موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہر بھر کی پولیس موجود تھی اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر خوشنود جاوید کی نگرانی میں سکیورٹی اور انہدام کی کارروائی جاری رہی۔ خوشنود جاوید کے مطابق آج رات کو کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق دکانیں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھیں جنہیں سپریم کورٹ کے حکم پر گرایا گیا، آپریشن کے دوران کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مزید خبریں :