03 جنوری ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں معیشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اجلاس کو مہنگائی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے اور آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہو گی۔
وزیرخزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں معیشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ معیشت کی صورتحال بہتر ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معیشت کے اعدادو شمار عوام کے سامنے رکھے جائیں۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ ہمیں معیشت تباہ حال ملی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے، اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز نہ ہونے دیں، عوام کو حقائق بتائیں۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ سے استفسار کیا کہ آپ کہتے ہیں معیشت بہتر اور اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی ہے؟
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو آئندہ ماہ مہنگائی میں کمی سے متعلق بھی بتائیں، ہماری معاشی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کا برانڈ وزیراعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن اپنے چور، ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کو کسی صورت حاوی نہ ہونے دیں، انہیں آئینہ دکھائیں، آپ کا لیڈر اپوزیشن کے لیڈروں جیسا نہیں۔