10 جنوری ، 2022
سانحہ مری سے پہلے ایک لاکھ گاڑیوں کے مری میں داخلے پر خوشی کا ٹوئٹ کرنے والے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے خطاب کے جواب میں اپنی تقریر میں کہا کہ ‘آج کے دور کا پابلو ایسکو بار بتارہا ہےکہ نیرو سو رہا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ30 ، 30 سال حکومت کرنے والے آج پوچھ رہے ہیں کہ انتظامات کیوں نہیں کیے؟ یہاں تو آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا تھا، ہر چیز نئے سرے سے بنانی پڑ رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر پچھلے حکمرانوں نے اپنے محل کھڑے نہ کیے ہوتے اور مری پر وسائل لگائے ہوتے تویہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔
قبل ازیں قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’وزیراعظم کہتے ہیں مری میں انتظامیہ تیار نہ تھی، اگر انتظامیہ تیار نہ تھی تو آپ کس مرض کی دوا ہیں؟ یہ اپنے وقت کے نیرو ہیں، عوام مررہے ہیں اور یہ چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔‘
ن لیگ کے صدر نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا اور سوال اٹھایا کہ سانحہ مری قدرتی طور پر حادثہ تھا یا قتل؟‘