پاکستان
Time 14 جنوری ، 2022

مری واقعے کے روز برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی ہونے کا انکشاف

سانحہ مری کی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ برف ہٹانے کیلئے استعمال ہونے والی 29 میں سے 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی تھیں۔

ذرائع کے مطابق برف ہٹانے والی29 گاڑیوں میں سے 20 ایک ہی مقام پرکھڑی تھیں، گاڑیوں کو چلانے کیلئے متعین ڈرائیورز، عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی نےمری میں آپریشنل عملے کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے اہلکار کمیٹی کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔

تحقیقات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مری کےداخلی راستوں اور سڑکوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ مری میں حکومتی اداروں کی غفلت پر تحقیقات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سیکرٹری محکمہ سیاحت اور ڈی جی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی عدالت میں طلب کر لیے گئے۔

راولپنڈی کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، چیف ٹریفک آفیسر اور  ریجنل پولیس افسر کو بھی پیش ہونے کاحکم  دیا گیا ہے۔

مری کے ہوٹل مالکان کی تنظیم کو بھی 19جنوری کے عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :