26 اپریل ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی جانب سے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان اور عمر ایوب کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ راولپنڈی میں بھی پارٹی کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کیے، لاہور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے گارڈن ٹاؤن اور شاہدرہ سمیت مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیں۔
کراچی میں پی ٹی آئی نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس کے علاوہ کیماڑی، کورنگی، نارتھ کراچی، چارمینار، راشد منہاس روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی میں شامل مظاہرین کو پولیس نے سمندری روڈ پر روک لیا، پولیس نے ایم این اے چنگیز خان کاکڑ اور ایم پی اے شیخ شاہد جاوید کوحراست میں لے کر کچھ دیر بعد رہا کردیا۔
ڈیرہ غازی خان میں پولیس تحریک انصاف کے ضلعی رہنما کو حراست میں لینے کے لیے پریس کلب میں داخل ہوگئی تاہم صحافیوں کے احتجاج پر پولیس لوٹ گئی۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ، عمر کوٹ، سرگودھا اور بنوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ حیدر آباد، جیکب آباد، نوشہرہ، خیبر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئيں۔