محب مرزا کے والد انتقال کرگئے

میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں لگاتا لیکن اب چاہتا ہوں کہ دنیا اس شخص (والد) کے بارے میں جانے: اداکار__فوٹو: انسٹاگرام/محب مرزا
 میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں لگاتا لیکن اب چاہتا ہوں کہ دنیا اس شخص (والد) کے بارے میں جانے: اداکار__فوٹو: انسٹاگرام/محب مرزا

معروف اداکار محب مرزا کے والد محسن مرزا انتقال کرگئے۔

محب مرزا نے انسٹاگرام پر اپنے والدین کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی طویل کیپشن درج کیا، اداکار نے بتایا کہ ان کے والد کا انتقال 13 جنوری کو ہوا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عام طور پر میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں لگاتا لیکن اب چاہتا ہوں کہ دنیا اس شخص (میرے والد) کے بارے میں جانے۔

انہوں نے لکھا کہ میرے والد محسن مرزا، سب سے مہربان اور سب سے زیادہ دریا دل انسان تھے، اگرچہ اُنہوں نے قانون کی تعلیم حاصل کی اور ایچ آر میں خدمات انجام دیں لیکن ’فن‘ ان کے خون میں دوڑتا تھا۔

محب نے لکھا کہ ’میرے خاندان میں حقیقی فنکار، حقیقی سُپر اسٹار وہی ہیں جنہوں نے مجھے سکھایا کہ کس طرح کسی پر اپنی مرضی نافذ کیے بغیر ایک مثالی زندگی گزاری جائے، میرے ابو، میرے ہیرو، ایک سچے محسن۔

انہوں نے لکھا کہ الحمداللّہ! میرے والدین نے ایک دوسرے کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزاری اور میری والدہ (نگہت محسن) ساری زندگی ان کے ساتھ ہر اچھے اور بُرے وقت میں کھڑی رہیں لیکن میں نے ان کی طرف سے کبھی ایک شکایت بھی نہیں سنی۔

محب نے والد کی وفات پر غم کا اظہار کیا اور تمام چاہنے والوں سے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کرنے کا بھی کہا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ زندگی میں جتنے مشکل کام کیے ان میں سے مشکل ترین آپ کو غسل دینا اور پھر منوں مٹی تلے دفن کرنا تھا۔ 

مزید خبریں :