کاروبار
Time 22 جنوری ، 2022

ڈیجیٹل بینکوں کیلئے لائسنسنگ اور فریم ورک اہم سنگ میل ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

اس ویبینار کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل بینکوں اور ملک میں مالی شمولیت کے حوالے سے ان کے امکانات کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا — فائل فوٹو
اس ویبینار کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل بینکوں اور ملک میں مالی شمولیت کے حوالے سے ان کے امکانات کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا — فائل فوٹو

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ  ڈیجیٹل بینکوں کے لیے لائسنسنگ اور ضوابطی فریم ورک ڈیجیٹل تبدیلی لانے کے سفر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

اسٹیٹ پاکستان  کی جانب سے”لائسنسنگ اور ضوابطی فریم ورک برائے ڈیجیٹل بینک“کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ”ڈیجیٹل بینک – بینکاری کا ایک نیا دور“ کے موضوع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس ویبینار کو منعقد کرنے کا بنیادی مقصد بینکوں کی اگلی نسل یعنی ڈیجیٹل بینکوں اور ملک میں مالی شمولیت کے حوالے سے ان کے امکانات کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔

اس تقریب میں مارکیٹ کے شرکا اور ممکنہ سرمایہ کاروں سے ڈیجیٹل بینکوں کے فریم ورک کی تفصیلات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ان کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بینکاری کی صنعت میں ڈیجیٹل مالی خدمات کے امکانات کو آفاقی حیثیت حاصل ہونے اور جدت پسندی اور ڈجیٹائزیشن کے لحاظ سے اس کی افادیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ اسٹیٹ بینک کے اہم مقاصد میں سے ایک پاکستان میں مالی شمولیت، جدت پسندی کو فروغ دینا اور مالی شعبے کی جدت طرازی ہے۔ 

انہوں نے صارفی تجربے کے ایک نئے مجموعے کو فروغ دینے کے ساتھ معاشرے کے مالی خدمات سے محروم اور کم سہولتوں کے حامل طبقات کو سستی مالی خدمات کی فراہمی کے ذریعے مالی شمولیت کے حصول میں اسٹیٹ بینک کی ڈجیٹل بینکوں سے توقعات بیان کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل بینکوں کے لیے لائسنسنگ اور ضوابطی فریم ورک ڈیجیٹل تبدیلی لانے کے سفر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے اور یہ ہماری بینکاری کی صنعت میں انقلاب برپا کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

مزید خبریں :